ویمنز ہاکی ورلڈ کپ؛ آسٹریلیا نے فائنل میں جگہ بنالی

Women Hockey Team

Women Hockey Team

نیدرلینڈز (جیوڈیسک) ویمنز ہاکی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے فائنل میں جگہ بنالی، امریکا کا سفر سیمی فائنل میں تمام ہوگیا، انگلینڈ نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر فتح حاصل کرتے ہوئے بیلجیئم کو 12 ویں پوزیشن پر دھکیل دیا۔

مینز ایونٹ کے سیمی فائنلز جمعے کو کھیلے جائیں گے، فائنل تک رسائی کی جنگ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو بلند حوصلہ ارجنٹائنی ٹیم کا چیلنج درپیش ہوگا، دوسرے فائنل فور مقابلے میں نیدر لینڈز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، گیارہویں پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ملائیشیا کو 6-2 سے آئوٹ کلاس کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں جاری 13 واں ہاکی ورلڈ کپ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، ویمنز ایونٹ کی ایک فائنلسٹ ٹیم کافیصلہ ہوگیا۔ گذشتہ روز کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکہ کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-1 سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی، دونوں ٹیموں کے مابین مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔

پنالٹی شوٹ آئوٹ پر امریکا کی طرف سے صرف کیلسی ہی گول کرسکیں جبکہ باقی تین کھلاڑیوں نے مواقع کھودیے، دوسری طرف آسٹریلیا کا پہلا موقع ضائع ہونے کے بعد کیلی وائٹ، جارج پارکر اور کینی جوڈلی نے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا، ویمنز ایونٹ میں 11 ویں پوزیشن کیلیے انگلینڈ اور بیلجیئم کے مابین کھیلے گئے میچ کا فیصلہ بھی پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا جس میں انگلش سائیڈ نے کامیابی سمیٹتے ہوئے آخری پوزیشن کو پرے دھکیل دیا۔

مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں صرف ایک ایک بار بال کو جال میں پہنچا سکیں۔ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر انگلش کھلاڑیوں نے 2 جبکہ بیلجیئم سائیڈ نے 4 مواقع گنوائے، ٹورنامنٹ کے دیگر پوزیشنز میچز جمعے کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل ، برانز میڈل اور پانچویں پوزیشن کے مقابلے ہفتے کو شیڈول ہیں۔

مینز ایونٹ کے سیمی فائنل آج کھیلے جائیں گے، فائنل میں رسائی کیلیے پہلی جنگ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بلند حوصلہ ارجنٹائن کے مابین ہوگی، ایونٹ میں جمعرات کو 11 پوزیشن کیلیے ملائیشیا اور جنوبی افریقہ کا سامنا ہوا جس میں ایشین سائیڈ کو 2 کے مقابلے میں 6 گول کی شرمندگی برداشت کرنا پڑی۔ فاتح ٹیم کے رئیڈ روز نے ہیٹ ٹرک کی۔