خواتین کو نظر انداز کر کے کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی: ایم آر پی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایم آر پی کے چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف سے بھی زائد حصہ ہیں اور انہیں نظر انداز کرکے پاکستان کو کسی بھی طور ترقی نہیں دی جاسکتی اسلئے قومی ترقی کیلئے خواتین کے کردار کو سراہنے انہیں ہر فیلڈ میں آگے لانے اور ان کے سماجی و معاشی مسائل کے حل کی اشد ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ تنظیم محب وطن روشن پاکستان نے اپنے منشور میں خواتین کو خاص اہمیت دی ہے۔

ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم نہ صرف خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے تعلیمی ادارے و تربیتی مراکز قائم کریں گے بلکہ خواتین کو سرکاری ملازمتوں میں 40فیصد کوٹے کی فراہمی کے ساتھ بزنس لون بھی فراہم کریں گے اور تجارتی ‘ تعلیمی ‘ طبی ‘ صنعتی ‘کاروباری اداروں کے علاوہ محافظ اداروں اور افواج پاکستان میں بھی خواتین کی صلاحیتوں سے استفادے کو مزید وسعت دی جائے گی۔

سیمینار سے ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی کے علاوہ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال‘ صدر سلیمان راجپوت‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘یونس سایانی ‘جنرل سیکریٹری راجہ محمد انور ایڈوکیٹ ‘فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘اقبال چاند‘ میڈم انیتا اور تبسم ناز نے بھی خطاب کیا۔