خواتین کو جائیداد میں وراثت کے حق کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں۔ حمیدہ وحید
Posted on April 14, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ خواتین کو جائیداد میں وراثت کے حق کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور جائیداد کی تقسیم کی رجسٹریشن فیس میں کمی کے علاوہ جناح آبادی سکیم ،کچی آبادی سکیم اور سرکاری زمین پر دیہی آبادیوں کے گھرانوںکے مالکانہ حقوق کے حوالہ سے خواتین کا پچاس فیصد حصہ بھی طے کر دیا گیا ہے جبکہ خواتین کے تحفظ اور معاشرہ میں نمایاں مقام کے حوالہ سے پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر میں خواتین امپاورمنٹ پیکچ کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر، ادارہ کی پرنسپل پروفیسر رضیہ خالد رائے، ڈائریکٹر وومن ڈویلپمنٹ پنجاب، ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ، مہر خالد محمود سرگانہ، میاں محمد اعظم چیلہ، چوہدری خالد غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز،مختلف سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین اور طالبات کی بڑی تعداد موجو دتھی۔صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں خاتون محتسب کا تقرر کرکے پنجاب حکومت نے خواتین کی بہتری کے حوالہ سے ایک تاریخی کام کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب وومن امپاورمنٹ پیکج کے تحت خواتین کی فلاح و بہبود اوران کے حقوق کو یقینی بنانے کیلئے وراثتی قانون میں بہتری ،جائیداد سٹمپ ڈیوٹی ،حقوق ملکیت جائیداد ، کام کرنے کی جگہ پر تحفظ کا قانون ،تیزاب پھینکنے کے جرم کی سخت سزا، کام کرنیوالی خواتین کو انکے اداروں میں ہی بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ڈے کیئر سنٹر وں اورشہروں میں ورکر وومن ہوسٹلز کا قیام سمیت انقلابی اقدامات کے ذریعے پنجاب میں خواتین کو مردوں کے مساوی مقام اور حقوق پہنچائے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ حکومتی سطح پر خواتین کو ملازمت کے بہتر مواقع اور معاشی خود مختاری کے حوالے سے خواتین ملازمت کا کوٹہ 15فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ کنٹریکٹ ملازمت کی بھرتی کمیٹیوں میں خواتین ممبر کوبھی شامل کر دیا گیا ہے اور انہیں سروس کے دوران زچگی کی چھٹی اور اپنے گھر کے نزدیک تبادلہ کی پالیسی پر بھی عملددرآمد جاری ہے۔سیمینار کے دوران ایم پی ایز راشدہ یعقوب شیخ،خالد سرگانہ اور اعظم چیلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے دور میں خواتین کو سیاسی طورپر بھی مضبوط کیا گیا ہے تاکہ وہ ریاستی اور حکومتی معاملات میں شامل ہوکر اپنے مسائل کا حل اپنی نگرانی میں نکال سکیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے کالج کے پرنسپل آفس میں ڈی سی او جھنگ راجہ خرم شہزاد عمر سے خصوصی ملاقات کی اور انہوںنے خواتین کے حقوق اور حکومتی اقدامات کی آگہی کے حوالہ سے اس کامیاب سیمینار کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میںمحکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر اداروںمیں خواتین کی فلاح و بہبود کے جاری پروگرامز قابل تعریف ہیں۔انہوںنے خواتین کے اداروں میں خواتین کو ہی زیادہ سے زیادہ نمائندگی اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔مزید برآں صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ملبوسات ،سلائی کڑھائی کے پارچہ جات اور دیگر اشیاء کی لگائی گئی نمائش کا معائنہ کیا اور خواتین ورکروں کے کام کو سراہتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com