خواتین پر بننے والی تین فیصد فلمیں میرے حصے میں آتی ہیں، ودیا

Vidya

Vidya

ممبئی (جیوڈیسک) اپنی نئی فلم بوبی جاسوس کی تشہیر کیلئے منعقدہ ایک مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت فلموں کے مصنف خواتین کیلئے دلچسپ سکرپٹ لکھ رہے ہیں۔

اور پروڈیوسر ان پر سرمایہ لگانے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ خواتین پر بننے والی تین فیصد فلمیں میرے حصے میں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کا زیادہ تر کریڈٹ اداکاروں کو اسلئے جارہا ہوتا ہے۔

کیونکہ فلمیں دیکھنے والوں کی اکثریت مرد شائقین پر مشتمل ہوتی ہے ۔ اپنی فلم بوبی جاسوس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فلم میں میرا کردار ایک فن گرل کا ہے اور یہ ایک مکمل جاسوسی فلم ہے۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انکی فلموں ڈرٹی پکچر اور کہانی نے بالی ووڈ کو نئی جہت سے روشناس کیا تاہم ابھی بھی بھارت کی 95 فیصد فلموں کی کہانیاں روایتی اور مردوں کے گرد گھومتی ہیں جبکہ صرف پانچ فیصد فلمیں عورتوں کیلئے بن رہی ہیں۔ ودیا بالن نے کہا کہ انکو اپنی آنیوالی فلم بوبی جاسوس کی کامیابی کی بہت زیادہ امید ہے۔