متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ضمنی الیکشن کے دوران این اے 5 نوشہرہ، این اے 71میانوالی اور این اے 27 لکی مروت میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو الیکشن ضابطہ اخلاق اور خواتین کے بنیادی حقوق کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قائد الطاف حسین نے کہا کہ خواتین کی آبادی ملک کی آبادی سے نصف فیصد سے زائد ہے اور موجودہ جدید اور ترقی یافتہ دور میں ضمنی الیکشن کے موقع پر پاکستان میں قومی اسمبلی کے مذکورہ حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے جمہوری حق سے محروم رکھنا دور جاہلیت کی نشانی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ابھی پولنگ کے عمل میں چند گھنٹے باقی ہیں لہذا میری الیکشن کمیشن آف پاکستان سے دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ این اے 5نوشہرہ ، این اے 71 میانوالی اور این اے 27 لکی مروت میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے جائز حق سے محروم رکھنے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور خواتین کواپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ان حلقہ انتخابات میں الیکشن ضابطہ اخلاق پر فی الفور عملدر آمد کراکر خواتین کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق دیا جائے۔