خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ عملی اقدامات کئے جائیں، حمیدہ وحیدالدین

لاہور وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ ملکی ترقی کے عمل میں ان کی شمولیت کو ممکن بنایا جاسکے۔ وہ محکمہ ترقی خواتین کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کررہی تھی۔ جس میں صوبائی سیکرٹری ارم بخاری کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری نادر خلیل، ڈائریکٹر معین الدین اختر اور دیگر نے شرکت کی۔

ارم بخاری نے اجلاس کو ورکنگ وویمن ہوسٹل، وویمن پیکج کے تحت آگاہی سیمیناروں کے انعقاد اور ورکنگ وویمن ہوسٹلز میں جرنیٹروں کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین نے اجلاس۔

کو ہدایت کی کہ ملازمت پیشہ خواتین کے لیے ورکنگ وویمن ہوسٹلز میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں اور وہاں پینے کے پانی اور جرنیٹروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے نیزساہیوال میں نئے ہوسٹلز کوجلد از جلد فنگشنل کیا جائے۔ تمام ہوسٹلز میں عملے کا تقرر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی آبادی کے تناسب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہوسٹلز قائم کئے جائیں گے۔ حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے ملتان، ڈی جی خان اور وہاڑی میں وویمن پیکج آگاہی سیمیناروں کی صدارت کریں گی تاکہ ہر سطح پر خواتین کو ان کے حقوق کے متعلق آگاہی حاصل ہوسکے۔