سلہٹ (جیوڈیسک) ویمنز ورلڈ ٹی 20 سے انگلینڈ نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے مات دیکر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا، ویسٹ انڈین ٹیم پہلے ہی گروپ ’بی ‘ سے فائنل فورمیں جگہ بناچکی ہے، بھارت نے بنگلہ دیش کو مسلسل تیسری ناکامی سے دوچار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈ ٹی 20 میں اتوار کو انگلینڈ نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے مات دیکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، لواسکورنگ مقابلے میں ناکام سائیڈ 9 وکٹ پر 85 رنز جوڑپائی، ششی کلاسری وردنے کی آل رائونڈ پرفارمنس رائیگاں چلی گئی، انھوں نے 38 رنز بنانے کے بعد 2 پلیئرز کو بھی آئوٹ کیا، اینیا شربھوسلے نے 3 جبکہ ریبیکا اور جینی گن نے 2،2 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔
انگلش خواتین نے ہدف 16 اوورز میں 3 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، سارہ ٹیلرنے 36 رنز اسکورکیے،اس کامیابی کے بعد انگلش ٹیم گروپ ’بی ‘ سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی، ٹیم نے چار میچز میں تین فتوحات کی بدولت چھ پوائنٹس حاصل کیے، ویسٹ انڈین اپنے ابتدائی تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی فائنل فور کا ٹکٹ کٹواچکی ہے۔
گروپ کے دوسرے مقابلے میںبھارت نے بنگلہ دیش کو 79 رنز سے ہرادیا، فاتح ٹیم نے 5 وکٹ پر 151 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، اوپنر ہرمنپریت کور اور متھالی راج نے ٹیم کو 107 کا مضبوط آغاز فراہم کیا، متھالی 38 گیندوں پر 41 رنز بناکر پویلین واپس ہوئیں، ہرمنپریت نے 59 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 77 کی اننگز کھیلی، پونم رائوت 13 رنز بناکر نمایاں رہیں، رومانہ احمد نے 33رنز دیکر 2 وکٹوں کا سودا کیا،میزبان ٹیم 8 وکٹ پر 72 رنز ہی اسکور کرپائی۔