تھرپارکر (جیوڈیسک) متحدہ خود کام کر رہی ہے نہ دوسروں کو کرنے دے رہی ہے، بلاول کا تھرپارکر میں خطاب، عوام سے ووٹ دینے کی اپیل، کراچی میں بڑی تبدیلی لانے کا وعدہ کر دیا۔
تھرپارکر میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر ایم کیو ایم پر برس پڑے، تھرپارکر میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ خود کام کر رہی ہے نہ دوسروں کو کرنے دے رہی ہے۔ عوام آئندہ الیکشن میں پی پی کو جتوائیں تو کراچی کو تبدیل کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور میڈیا نے تھر کے عوام کو حقوق نہ دے کر زیادتی کی، تھر میں جو انقلاب آیا اس سے متعلق عوام کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ آئندہ پانچ سالوں میں تھر کی وجہ سے سندھ میں بے مثال تبدیلی آئے گی۔
ایم کیوایم کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لوکل باڈی سسٹم مخصوص جماعت کے پاس ہے، وہ سیاسی جماعت آپس میں لڑرہی ہے، نہ خود کام کررہی ہے اور نہ کسی اور کو کرنے دے رہی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی سندھ اور وفاق سے 2018 کا الیکشن جیتے گی۔