کام کا دباؤ اور غیر سازگار ماحول، پی آئی اے کے پائلٹس مستعفی ہونے لگے

 PIA

PIA

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان ائیر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے کئی پائلٹس کام کے دباؤ کے باعث مستعفی ہو چکے ہیں۔

ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ غیر سازگار ماحول کے باعث پی آئی اے کا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے، رواں برس اب تک 8 پائلٹس مستعفی ہوچکے ہیں جبکہ کئی دیگر بھی اس آپشن پر غور کررہے ہیں جس کی وجہ ناقص پالیسیاں اور ائیرلائن کی فلائٹس شیڈول کا غیر منصفانہ ہونا ہے۔

مستعفی ہونے والے پائلٹس کا کہنا تھا کہ کام کی زیادتی کی وجہ سے انہیں دباؤ میں کام کرنا پڑرہا تھا یا پھر انہیں سنگین نتائج بھگتنا پڑسکتے تھے۔

پالپا کے صدر رضوان گوندل نے پائلٹس کو درپیش مسائل کے حوالے سے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کو خط بھی لکھا تھا جس میں انہیں مسائل سے آگاہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن (ایف ڈی ٹی ایل) میں تبدیلیاں کی تھیں جس کی وجہ سے پائلٹس کو شدید دباؤ میں کام کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ اضافی فلائٹس پالپا اور پی آئی اے میں 2011-2013 میں کئے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور اس نئی صورتحال میں پائلٹس کے آرام کیلئے مختص کردہ وقت انہیں نہیں دیا جارہا ہے جب کہ فلائٹس سے پہلے اور فلائٹس کے بعد پائلٹس کیلئے آرام کے دورانیے کی وضاحت ان کے روسٹر میں بھی نہیں کئی گئی ہے۔