کارکن پارٹی کے ماتھے کا جھومر، عظیم سرمایہ، عمران خان کی اصل طاقت ہیں۔ عبدالعلیم خان

Lahore

Lahore

لاہور: تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے 14 اگست کے لانگ مارچ میں لاہور سے اسلام آباد جاتے ہوئے گاڑی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے 2 کارکنوں ساجد علی ہاشمی اور ساجد حسین ہاشمی کے گھر کمہاں پنڈ جا کر ان کے لواحقین سے اظہارتعزیت کیا اور غمزدہ خاندانوں کے لیے اپنی جیب سے دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دی اور اس موقع پر زخمی ہونے والی ڈاکٹر سامعہ توقیر کے گھرڈیفنس بھی گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بے لوث پارٹی کارکن پی ٹی آئی کے ماتھے کا جھومر، عظیم سرمایہ اور عمران خان کی اصل طاقت ہیں اور ہم جانوں کا نذرانہ دینے والوںکو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ طویل اور تاریخی دھرنوں کے باعث کچھ تاخیر ضرور ہوئی لیکن انہوں نے عمران خان کی ہدایت پر خود جا کر شہید ہونے والے پارٹی کارکنوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور انہیں پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہائی کرائی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن سیاسی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہیں جنہوں نے ملکی سیاست کو نیا رنگ بخشا ہے اور بالخصوص 14اگست کو لاہور سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کا اصل سہرا بھی ان پارٹی ورکرز کے سر ہے جنہوںنے موسم کی شدت سمیت کسی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے۔

عبدالعلیم خان ڈاکٹر سامعہ توقیر سے ان کی صحت کے متعلق دریافت کیا اور ان کے جذبے کو سراہا جنہوں نے خاتون ہونے کے باوجوود دلیری اور بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بہادر اور بے لوث خواتین کے باعث ہی تحریک انصاف نے ملک گیر سطح پر نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے اور ہم سب کو ان پر فخر ہے۔