سخاکوٹ (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دوبارہ اسلام آباد مارچ کا اعلان کر سکتے ہیں اس لئے کارکن ہمہ وقت تیار رہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی ملاکنڈ کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر کی قیادت میں جے یو آئی ملاکنڈ کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستانی عوام کو عنقریب بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، آزادی مارچ کے ثمرات کے باعث جعلی حکمرانوں کی حکومت کا خاتمہ ہو رہا ہے، سارے جیلوں میں چلے جائیں گے، جہاں اپنے اعمال اور کردار کی سزا بھگتیں گے ، اس وقت جمعیت علماء اسلام واحد جماعت ہے جو عوام کے جذبات اور ضروریات پر پورا اتر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو بیرون ملک بدنام اور ملکی اداروں کو آپس میں ٹکرا دیا جبکہ عوام کو ناقابل برداشت مہنگائی ، بدامنی کا تحفہ دیا ، اگر ایسی نالائق حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو حالات اور مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر لیں گے ، دوبارہ اسلام آباد مارچ کا اعلان کر سکتے ہیں اس لئے کارکن ہمہ وقت تیار رہیں ، بے تحاشا ٹیکسز اور مہنگائی کے باعث پورا معاشرہ مسائل سے دوچار ہے ، جمعیت علماء اسلام ملک و قوم کے تحفظ اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔