کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین کی حراست سے متعلق خبر پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد نائن زیرو پر جمع ہو گئی، کارکنان سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ اس مشکل وقت میں تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور امن کو ہر حال میں قائم رکھنا ہو گا۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ کارکنان کو اس مشکل گھڑی میں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہیں جو الطاف حسین سے ااظہار یکجہتی کیلئے نعرے لگائے جارہے ہیں۔ اس موقعے پر خواتین اور بچے بھی موجود ہیں جنہوں نے ہاتھوں میں الطاف حسین کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں۔
ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل وقت ہے ہماری آزمائش ہے، ہمیں الطاف بھائی کی تعلیمات کو سامنے رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان آپس میں متحد رہیں اپنے اطراف میں بھی نظر رکھیں اور ہمیں اس موقعے پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ کارکنان افواہوں پر کان نہ دھریں۔