کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے

PTI Protest

PTI Protest

حیدرآباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری کیخلاف حیدرآباد اور مٹیاری میں تحریک انصاف کےکارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے، حیدرآباد میں تحریک انصاف کے رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عثمان کینیڈی نے اللہ والا چوک پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جعلی پارلیمنٹ کے وزیراعظم نواز شریف جتنی جلد ہوسکے اقتدار چھوڑ دیں، یہ ہی ان کے حق میں بہتر ہے کیونکہ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ 2013ء میں ہونیو الے انتخابات اوراس کے نتیجے میں بننے والی پارلیمنٹ جعلی ہے اور ان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران دیکھ لیا ہے کہ عوام نے باآواز بلند ان کیخلاف نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نواز شریف کو وزیراعظم ہاؤس سے نکالے بغیر دھرنا ختم نہیں کرینگے اور پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے۔مٹیاری میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر امدا د علی شاہ جاموٹ اور مٹیاری سٹی کے صدر زاہد شاہ کی قیادت میں کارکنوں نے ریلی نکالی، جو شہر کے مختلف راستوں ہوتی ہوئی مٹیاری پریس کلب پہنچی ، کارکنوں نے آزادی مارچ اور دھرنے کو ایک ماہ مکمل ہونے پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ، امداد علی شاہ جاموٹ نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اور جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے حکمران حق مانگنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کوگرفتار کرکے انکے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت ہے، پنجاب حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج پورا پنجاب سیلاب کی زد میں ہے ،دریں اثناء تحریک انصاف ضلع میرپورخاص کے رہنماؤں عبدالرزاق سومرو اعجاز رندھاوا ، عبدالحمید راجپوت ، شہباز راجپوت ، شفیق راؤاور ارشاد ملک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریاں ہمیں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں ، انہوں نےکہا کہ مسلم لیگ نے پنجاب میں ریاستی تشد د اور جبر کو فروغ دیا ہے اور پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنوں کو دفعہ 144کی آڑ میں گرفتار کیا جارہا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ پی ٹی آئی کے کارکن ملک بھر میں شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔