کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف ایم کیو ایم کا کراچی میں مظاہرہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر کارکنان کی گرفتاریوں اور غیر قانونی چھاپوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے کئی لاپتہ ہیں جبکہ کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل بھی کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کی شفافیت پر ایم کیو ایم اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہے لیکن وزیر اعظم کی اعلان کردہ غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی کا قیام اب تک عمل میں نہیں آ سکا۔

انہوں نے کہا کہ اب نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ معروف سیاستدان کے گھر کے اطراف غیر قانونی چھاپے مار کر بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بلا جواز گرفتاری اور انہیں دہشتگرد بنا کر پیش کیے جانا در اصل ایم کیو ایم کو سیاسی سطح پر اپنا جمہوری کردار ادا کرنے سے روکنے کی سازش ہے۔