لاہور (جیوڈیسک) پولیو ورکرز پر حملے روکنے کی اپیل کے بعد طالبان نے عمران خان کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ دھمکیوں کے باوجود پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔
عمران خان نے پھول برسائے تو جواب میں پتھر آئے۔ حملے روکنے کی اپیل کی تو دھمکیاں ملنے لگیں۔ تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے دھمکیوں کی پرواہ نہیں، پولیو مہم جاری رہے گی۔
شیریں مزاری نے بتایا کہ عمران خان کو کالعدم انصار المجاہدین کی طرف سے دھمکیاں دی گئی ہیں مگر عمران خان ہمیشہ فرنٹ فٹ پر کھیلنے والے ہیں۔ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔
اس سے قبل عمران خان نے نوشہرہ میں پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو ورکرز پر طالبان اور دیگر گروپوں کےحملے اسلام اور انسانیت، کے خلاف ہیں، وہ یہ حملے روک دیں۔
عمران خان نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملے روکنے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو خیبر پختونخوا کے لوگ غیر ملکی ویزوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔