لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکڑ طاہر القادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پولیس نے کنٹینرز ہٹانے کے دوران کارکنوں سے تصادم کیا۔
اور پولیس کی کارروائی میں ایک کارکن جاں بحق ہوا جبکہ بھکر میں پولیس کی فائرنگ سے 6 کارکن زخمی ہو گئے ہیں کارکن بھکر سے یوم شہدا کی تقریب میں شرکت کے لئے آ رہے تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا حکومتی اقدامات پر دکھ اور افسوس ہوا ہے۔
کارکن غیر مسلح اور پرامن تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس منہاج القرآن پر قبضہ کرنا چاہتی تھی اور پولیس میرے اہل خانہ کو قتل کرنا چاہتا تھی۔ طاہر القادری نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کارکنوں کو پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں اور لاہور ہائیکورٹ کو ذاتی طور پر یقین دہانی کرواتا ہوں کہ یوم شہدا پر کسی قسم کی بدامنی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا ہم پاکستان میں حقیقی جمہوریت لانا چاہتے ہیں عوام آئین کی بالادستی چاہتی ہے ، عوام پاکستان میں معاشی اور قانونی انصاف چاہتی ہے۔
طاہر القادری کا مزید کہنا تھا پولیس نے کارکنوں کو گھروں سے گرفتار کیا اور جہاں مرد نہیں ملے وہاں سے خواتین کو گرفتار کیا گیا۔ طاہر القادری نے کہا کارکن حوصلہ نہ ہاریں، رکاوٹین توڑ کر لاہور پہنچیں۔