واشنگٹن (جیوڈیسک) ڈی سیاٹلانٹا میں منعقد ہونے والے ایم کیو ایم امریکہ کے سترھویں سالانہ کنونشن کے دوسرے روز تنظیمی سیشنکے دوسرے روز کے پہلے دورانئے میں امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں سے آئے ہوئے ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔ کنونشن میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی کے ساتھ سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین، چیپٹر انچارجز اور ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے انچارجز شریک ہیں۔
اس موقع پر چیپٹر انچارجز نے سالانہ کارکردگی کی رپورٹس پیش کیں۔ایم کیو ایم امریکہ کے زیر نگرانی کام کرنے والی شعبہ جات کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سیل، گہوارہ ادب، پاکستان کلب اور کمیٹی برائے سیاسی آگہی کے انچارجز نے اپنی رپورٹس سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی کو پیش کیں۔ قائد کا پاکستان کے عنوان سے منعقد ہونے والے کنونشن کے تنظیمی سیشن کی خاص بات یوتھ ونگ کی جانب سے کی جانے والی تقاریر تھیں ،مقررین نے پاکستان کے بگڑتے ہوئے حالات، ایجوکیشن ریفارمز، ہیلتھ ریفارمز اور لیڈر شپ پر اپنے مقالے پیش کیے۔
اس بات پر زور دیا کہ قائد اعظم کے پاکستان کو بچانے کی آخری امید صرف قائد تحریک الطاف حسین ہیں۔ سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے امریکہ میں بڑھتے ہوئے تنظیمی کام اور چیپٹرز کی مجموعی سالانہ کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے امریکہ کے زیر نگرانی کام کرنے والے مختلف شعبہ جات اور خاص طور پر میڈیا سیل کے کام کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سیل جس بھر پور انداز میں الطاف حسین کا پیغام دنیا بھر میں پھیلا رہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کارکنان اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنے اتحاد سے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے خلاف ہونے والی تمام ترسازشوں کو ناکام بنا دیں۔