کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کےخلاف متحدہ کا یوم سوگ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم نے اس معاملے پر احتجاجاً آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہ نما حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی کے لاپتا کارکنوں کی بازیابی اور ماورائے عدالت قتل سے متعلق اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ کراچی میں ارکان رابطہ کمیٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کی آڑ میں متحدہ قومی موومنٹ کو پیسا جا رہا ہے، لوگ لاپتا اور ماورائے عدالت قتل ہو رہے ہیں۔

حیدر عباس رضوی نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل کے خلاف ہفتے کویوم سوگ منانے کا اعلان بھی کیا۔ پریس کانفرنس میں رابطہ کمیٹی کی رکن سینیٹر نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن محمد سلمان کے قتل کی ایف آئی آر میں کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات کو نامزد کیا جائے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کے 45 کارکنوں کے بارے میں کچھ نہیں پتا کہ وہ کہاں ہیں زندہ ہیں یا نہیں۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ لاپتا کارکنوں کی بازیابی کے لیے ازخود نوٹس لیا جائے اور ماورائے عدالت قتل سے متعلق فوری اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔