لندن(جیو ڈیسک)لندن متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کارکنوں کوکرپشن ، بے ایمانی، دھوکہ بازی ، کسی کا حق مارنے، اپنے اختیارت کے ذریعے کسی پر ناجائز دباو ڈالنے سمیت کسی بھی قسم کی قانونی، سماجی معاشرتی برائیوں میں پڑنے کادر س نہیں دیا بلکہ ان سے باز رہنے کا در س ہی دیا ہے۔
ایم کیوایم اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی ،عبوری رابطہ کمیٹی اوردیگر شعبہ جات کے ذمہ داران کے اجلاس کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
الطاف حسین کا کہنا تھاکہ 35سالہ تحریکی جدوجہد کے دوران ایم کیوایم کو ختم کرنے کیلئے ریاستی اور حکومتی دباواستعما ل کئے گئے۔اس دوران بھائی بھتیجے سمیت ہزاروں کارکن شہید ، زخمی اور معذور ہوئے۔ ان کا کہنا تھاکہ پورا خاندان بال بچوں کی زندگی بچانے کیلئے جلا وطن ہوا اوردیارغیرمیں محنت ومزدوری کرتا رہا ہے۔
خاندان کیلئے کبھی تحریک سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا خواہ وہ الیکشن کا مرحلہ ہو یا بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ ہو خاندان کو کبھی ٹکٹ نہ دیئے اور اس کا فائدہ اٹھانے نہ دیا۔ان کا کہنا تھاکہ کارکنوں کوکرپشن سمیت کسی بھی سماجی معاشرتی برائیوں سے دور رہنے کا ہی در س دیا۔