کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کریں، سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی : کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کریں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں مخالفین کو میدان سے فرار ہونے پر مجبور کر دیں گے ۔ تحریک انصاف کے کارکنان کا جذبہ آج بھی پہلے دن کی طرح چٹان کی مانند ہے۔ تین ماہ میں ہی عوام کو مسلم لیگ ن کی اصلیت کا پتہ چل گیا ہے بلدیاتی الیکشن تحریک انصاف کا ہے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ دنیا بھر میں پٹرول سستا جبکہ پاکستان میں مہنگا کر دیا گیا۔

دنیا بھر میں خوشی کے تہواروں پر اشیا سستی کی جاتی ہے، پاکستان میں پہلے تو سرمایہ دار اشیاء مہنگی کرتے تھے اب وہی کام حکومت نے سنبھال لیا ہے۔ مسلم لیگ ن عید پر عوام کی بجائے جانوروں کی قربانی کرے۔ ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے وطن واپسی پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بانی رہنما تحریک انصاف قصور سرور خاں میئو، سردار عظیم اللہ خاں، اجمل خاں، عبداللہ غازی، رانا سعید اختر، مہر صفدر اقبال، خلیل احمد، شہباز ہاشم ، اصغر علی کمبوہ، محمد اقبال ودیگر رہنمائوں نے ضلع کی منتخب باڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ضلع کی نام نہاد منتخب باڈی نے انٹر پارٹی الیکشن کے بعد سے لیکر اب تک کارکنان سے کوئی میٹنگ نہیں کی اور ضلعی صدر تو عہدیداروں کے نام تک سے واقف نہیں۔ کارکنان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیںجس کی وجہ سے کارکنان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف جلد ہی قصور کی نام نہاد باڈی تو تبدیل کر دیں گے اگر کارکنان متحد نہ ہوئے تو دوباری پہلے جیسے افراد آ جائیں گے۔ سرور خاں میئو نے کہا کہ قصوری گروپ نے اپنے کار خاص خاندانوں کو دو دو تین تین ٹکٹ دئیے۔ جبکہ قصوری گروپ میں شامل افراد جن کو ٹکٹ نہ دئیے گئے ان لوگوں نے یا تو آزاد الیکشن میں حصہ لیا یا تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مخالفت کی۔ جبکہ تقریب میں شامل رہنمائوں کی بڑی تعداد نے سرور خاں میئو اور رانا سعید اختر کو نامزد کیا کہ دونوں افراد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان تک کارکنان کے تحفظ پہنچائیں۔