کارکن کا قتل، ایم کیو ایم کا کل سندھ بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سہیل احمد کے قتل کیخلاف کل پورے سندھ میں پرامن شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی. سندھ کے تاجروں سے اپیل ہے کہ ظلم کیخلاف کل کاروبار کو مکمل بند رکھا جائے. ٹرانسپورٹ مالکان سڑکوں پر اپنی گاڑیاں نہ لائیں۔

رابطہ کمیٹی نے کارکن کے قتل پر چیف جسٹس آف پاکستان سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے. ادھر سندھ بھر کی تاجر برادری نے ایم کیو ایم کی جانب سے شٹر ڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء خواجہ اظہار الحسن کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف آواز اٹھائی، آج ہمیں اس کی سزا دیدی گئی ہے۔ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہیل احمد گزشتہ سال 15 دسمبر کو لاپتہ ہوگئے تھے۔

ایم کیو ایم نے ان کی گمشدگی کیخلاف 16 دسمبر کو ایف آئی آر درج کروائی جبکہ ان کی بازیابی کیلئے سندھ اسمبلی میں پٹیشن بھی دائر کی گئی تھی۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتا چلا کہ سہیل احمد کو کل مارا گیا۔ ایک گولی سہیل احمد کے سر جبکہ دوسری گردن میں ماری گئی۔

سہیل احمد کو قتل کرکے موچکو تھانے کی حدود میں پھینکا گیا جہاں سے پہلے بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں کی لاشیں ملتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل احمد کی ہلاکت ماورائے عدالت قتل کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس جمہوری دور میں ایم کیو ایم کے 35 سے زیادہ کارکنوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

ہم آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت تمام فوجی حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ قتل عام کا نوٹس لیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور ڈی رینجرز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔