کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ،ایم کیو ایم آج یوم سوگ منائیگی

MQM

MQM

متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں آج پر امن یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے تاجروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ سندھ میں ٹرانسپورٹ اور اسکول بھی بند رہیں گے۔

خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی کنونیئر رابطہ کمیٹی خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعے کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کراچی میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور عدالت سمیت حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان پر ہونے والے ظلم کے خلاف عدلیہ سمیت ہر کسی کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اب تک ایم کیو ایم کو انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماروائے عدالت قتل، ٹارگٹ کلنگ اور لاپتہ کارکنان کے حوالے سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا جو سلسلہ بلوچستان میں جاری رہا اب وہ سلسلہ کراچی میں شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے اپنی تمام ذمہ داریاں صرف اندرون سندھ تک سمجھتی ہے اور کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔