اسلام آباد (جیوڈیسک) لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کے خلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج اورواک آوٹ کیا۔ تحریک انصاف کے ارکان نے قومی اسمبلی میں شیم شیم کے نعرے لگائے۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے شفقت محمود نے نکتہ اعتراض اٹھایا کہ لاہور میں تحریک انصاف کے رہ نماوں اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا گیا، تشدد اور گرفتاریاں جمہوریت نہیں آمریت ہے، اِس پر ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید نے شفقت محمو دکو کہا کہ ایوان کی کارروائی بلڈوز نہ کریں۔
اِس پرتحریک انصاف ہی کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آمرانہ دور ہوتا تو اور بات تھی، جمہوری دور میں کارکنوں پر تشدد افسوسناک ہے، تحریک انصاف کا لاہور میں احتجاج پرامن تھا، پنجاب پولیس اور حکومت کے رویئے کے خلاف واک آوٹ کرتے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک مارتا ہے اور دوسرا بچاتا ہے، حکومت کے اعصاب جواب دے گئے ہیں، متعلقہ پولیس افسران کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو واک آوٹ میں شامل ہوں گے۔