نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ کئی روز سے جاری جارحیت پر نریندرا مودی نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی مثال پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ہی مورد الزام ٹہراتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے اپنے دفاع میں فائر کیا۔
ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندرا مودی نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ’’دشمن‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کاہمارے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور دشمن کو سمجھ جانا چاہئے کہ اب وقت تبدیل ہو چکا ہے اور ان کی پرانی عادات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
نریندرا مودی نے سرحدی معاملات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ سیاسی معاملہ نہیں، حکومتیں آئیں گی اور چلی جائیں گی لیکن اس معاملے کو سیاسی معاملہ نہ بنایا جائے اس سے فوجی جوانوں کا مورال گرے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جا رہی اور گزشتہ 4 روز میں صرف سیالکوٹ کے مختلف سیکٹرز میں بھارتی جارحیت سے اب تک 13 شہری شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ بھارتی گولہ باری سے 70 ہزار سے زائد افراد متاثر جب کہ 20 ہزار سے زائد اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔