فیصل آباد (جیوڈیسک) دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی مائیکروسافٹ پروفیشنل ارفع کریم کی آج چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی کم عمر ترین ارفع کریم کی آج برسی ہے،چار سال گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے ارفع کریم کے نام پر کئے گئے وعدے پورے نہ ہوسکے۔
2 فروری 1995 ءکو فیصل آباد کے علاقے 4 چک رام دیوالی میں پیدا ہونےوالی ارفع کریم نے 2004ءمیں صرف9 سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی ماہر کا اعزاز حاصل کر کے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ،مائیکروسافٹ کے خالق بل گیٹس نے ارفع کریم سے خصوصی طور پر ملاقات کی۔
حکومت کی جانب سے ارفع کریم کو پرائیڈ آف پروفارمینس سے بھی نوازہ گیا، لیکن آئی ٹی کی ماہرارفع کریم 14جنوری 2012میں انتقال کر گئی ،جس کی تدفین فیصل آباد میں اس کے آبائی گاؤں میں کی گئی۔
حکومت کی جانب سے ارفع کریم کے گاؤں میں لڑکیوں کیلئے ایک کالج جبکہ ارفع کریم کے نام سے ایک آئی ٹی سینٹر کرنے کا وعدہ کیا گیا، جس کے لیےارفع کے والد نے 18 کنال زمین بھی مہیا کی ہے ،لیکن4 سال بعد بھی یہ وعدہ پورا نہ ہوسکا۔
ضلعی انتظامیہ نے بھی ارفع کریم کی قبر پر مونومنٹ بنانے کے نقشے تیار کیے، لیکن تاحال وہ حقیقت کا روپ نہیں دھار سکے۔