اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے تحت ورلڈ آرفن ڈے کے موقع پر یتیم بچوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں یتیم بچوں، رفاہ یونیورسٹی کے رضاکاروں، صحافیوں اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد اطہ ملک نے کہا کہ دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ انتہائی ابتر ہوتا چلا جا رہا ہے اور پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں،جبکہ ہم من حیث القوم مسلسل یتیم بچوں کے حقوق سے پہلو تہی کر رہے ہیں۔ اس لیے ہمیں یتیم بچوں کے حقوق کے لیے مکمل جدوجہد کرنا ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بھرسے یتیم بچوں کی خدمت کر رہی ہے۔
افطار ڈنر کی تقریب میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبہ طب کی رضار کار طالبات نے بھی شرکت کی اور بچوں کو مہندی لگائی اورچوڑیوں اور فیس پینٹنگ کے اسٹال لگا کر بچوں کی دلجوئی کی اور انہیں تحائف پیش دیئے۔صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک نے اپنی ٹیم کے ساتھ تقریب کے شرکاء کا استقبال کیااور شکریہ ادا کیا۔تقریب سے مولانا نور الرحمان،پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور،نمیر حسن مدنی سیکریٹری جنرل الخدمت شمالی پنجاب، افتخار جنجوعہ، شہزاد سلیم عباسی اور اظہر شاہ کے علاوہ مقامی وسماجی شخصیات نے خصوصی طور شرکت فرما کر بچوں کے سر پر دست شفقت رکھا۔آخر میں تمام بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کیے گئے۔