لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے اپنی رپورٹ میں شاہد آفریدی کی کپتانی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے اپنی رپورٹ میں لیجنڈ عمران خان کی اہم موقع پر کھلاڑیوں سے ملاقات کی بھی مخالفت کی ہے ۔ قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ نے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
کپتان شاہد آفریدی کو تو تنقید کا نشانہ بنایا ہی ساتھ ہی ساتھ لیجنڈ عمران خان کیخلاف بھی بول پڑے ۔ ٹیم منیجر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی باتیں ماڈرن کرکٹ سے مطابقت نہیں رکھتیں ، ان کے مشورے ٹیم کیلئے مفید ثابت نہیں ہوئے۔
انتخاب عالم کا اپنی رپورٹ میں شاہد آفریدی سے متعلق کہنا ہے کہ انہوں نے بطور کپتان بڑی غلطیاں کیں، شعیب ملک کی بولنگ کے دوران فیلڈ پلیسنگ ٹھیک نہیں تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بوم بوم کو بھارت سے زیادہ پیار ملنے کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے پہلے ٹیم اور میڈیا منیجر کی ہدایات کو نظر انداز کیا ۔ انتخاب عالم نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کر بھی آڑے ہاتھوں لیا اور اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ دونوں کرکٹرز کی وجہ سے ماحول خراب رہا، دونوں کو کرکٹ کی سمجھ نہیں ہے۔