عالمی بنک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا

World Bank

World Bank

واشنگٹن (جیوڈیسک) عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں اس قرضے کی منظوری دی ہے۔جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق 4500 میگا واٹ کے دانسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 60 کروڑ جب کہ سندھ واٹر ایری گیشن منصوبے کے لیے 10 کروڑ امریکی ڈالر کے قرضے کی منظوری دی گئی۔

خیال رہے کہ عالمی بینک اس سے قبل یکم مئی 2014 کو پاکستان کے لیے ایک ارب امریکی ڈالر کی منظوری دے چکا ہے، جب کہ بنک پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرضے دئیے جائیں گے۔ پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے۔

کہ دانسو ہائیڈرو پراجیکٹ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہستان میں واقع ہے جبکہ سندھ واٹر ایری گیشن منصوبے سے صوبے میں ایری گیشن کی بہتری میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ وزارت ِخزانہ یو ایس ایڈ کے ساتھ دایا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے کام کر رہی ہے۔

اور اس سلسلے میں رواں برس ستمبر میں واشنگٹن میں سرمایہ کاروں کی ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کی جانب سے منظور ہونے والا قرضہ وزیرِ اعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر عالمی ادارے کے اعتماد کا اظہار ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔