اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 2 ارب ڈالر قرضے کی سہولت بحال کر دی ہے۔ پاکستان یہ قرضہ 2015 ء سے 2019 ءکے دوران حاصل کر سکے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے ملاقات کی۔ اور پاکستان کے ترقیاتی لائحہ عمل سے متعلق امور پر بات چیت کی۔
اس موقع پر راشد بن مسعود نے بتایا کہ پاکستان تین سال کے وقفے کے بعد انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کی سہولت حاصل کرنے کا اہل ہو گیا ہے۔ اب پاکستان کے پاس ڈھائی ماہ سے زائد کی درآمدات کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، اس سہولت کے تحت پاکستان 2015ء تا 2019ء کے چار سالہ عرصے کے لیے آئی بی آر ڈی سے دو ارب ڈالر مالیت کی فنڈنگ حاصل کر سکے گا۔