ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ: قومی ٹیم 11 اکتوبر کو الماتے روانہ ہوگی، اقبال حسین

World Boxing Championships

World Boxing Championships

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے کہا ہے کہ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم 11 اکتوبر کو الماتے روانہ ہوگی، ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔

امید ہے چیمپئن شپ میں میڈل حاصل کرکے ملکی باکسنگ میں نئی روح پھونک دیں گے، حکومت پی او اے کے معاملات کو حل کرانے میں سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرے تو اولمپکس میں بھی کئی کھیل میڈل حاصل کرسکتے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے اقبال حسین کا کہنا تھا کہ لاہور میں ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کا کیمپ پوری سرگرمی کے ساتھ جاری ہے جس میں 22 کھلاڑی صبح و شام کی بنیاد پر ٹریننگ لے رہے ہیں۔

تجربہ کار کوچز کے ای ایس سی کے علی بخش، پاکستان واپڈا کے محمد طارق اور پاکستان پولیس کے طارق گجر اس کیمپ میں کھلاڑیوں پر سخت محنت کر رہے ہیں۔ علی بخش کی کوچنگ میں ماضی میں بھی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ایونٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز کا حصول ممکن بنایا ہے۔ 25 ستمبر کو میں خود لاہور جا کر کوچز سے فائنل میٹنگ کرکے ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے حتمی ٹیم کو شارٹ لسٹ کروں گا اور باقی رہ جانے والے کھلاڑیوں پر مزید محنت کرکے انہیں چیمپئن شپ کیلئے پوری طرح تیار کیا جائے گا۔

ہماری کوشش ہوگی کہ فائنل سلیکشن کے بعد چھ کھلاڑیوں کو ایونٹ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ ورلڈ چیمپئن شپ کے آغاز سے ایک ہفتے قبل کیمپ کو بند کر دیا جائے گا۔ دسمبر کے الیکشن کے بعد ہم نے فیڈریشن کا چارج سنبھالا ہے اس دوران انٹرنیشنل ایونٹ میں بھی ٹیم نے شرکت کرلی ہے۔

کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر رزلٹس دیں۔ حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کھیلوں کی سرپرستی کریں اور پی او اے کے مسئلے میں پارٹی بننے کے بجائے اس کو سنجیدگی اور دیانت داری کی بنیاد پر حل کریں۔