دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ محمد عبد الشکور

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر اور پاکستان آرفن کئیر فورم کے چیئرمین محمد عبد الشکور نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ چند مسلم ممالک عراق، افغانستان، فلسطین اور شام میں بھی گزشتہ چند سالوں سے جاری خانہ جنگی کے باعث یتیم بچوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔15رمضان المبارک کو او ۔آئی ۔سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن)کے تحت مسلم دنیا میں ’’یوم یتامیٰ ‘‘(Orphans Day) کے طور پرمنایا جاتا ہے۔جس کا مقصد مسلم معاشروں میں یتیم بچوں کے حقوق اور من حیث القوم معاشرے کی اجتماعی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن، یتیم بچوں کی فلاح وبہبود کرنے والے رفاہی ادارے ’’پاکستان آرفن کیئر فورم‘‘ کے ساتھ ملکر عرصہ دراز سے اس کوشش میں سرکرداں تھی کہ اس دن کو سرکاری سطح پر منانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ جس کام کو کچھ اداروں نے ملکر شروع کیا تھا حکومتی سرپرستی مل جانے کے بعد اس کے ثمرات ملک میں بسنے والے ہر ایک یتیم اور بے سہار ا تک پہنچائے جاسکیں۔اللہ کے فضل و کرم سے ایوانِ بالا میں لاوارث و یتیم بچوں کی کفالت، بحالی وفلاح اور ہر سال15 رمضان المبارک کو لاوارث و یتیم بچوں کا دن منانے کا بل2016ء متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔ لہٰذا اس سال اسی کار خیر کا حصہ بنتے ہوئے پاکستان میں بھی 15رمضان المبارک کو ملک بھر میں ’’یوم یتامیٰ‘‘ منا یا جائے گا۔صدر الخدمت نے کہا کہ ہم قائد ایوان کے مشکور ہیں جن کی خصوصی کاوش کی وجہ سے آج اس عظیم مقصد میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔

پاکستان آرفن کئیر فورم میں الخدمت فاؤنڈیشن ، ہیلپنگ ہینڈ، مسلم ایڈ ، اسلامک ریلیف پاکستان،ہیومن اپیل، قطر چیرٹی ، ریڈ فاؤنڈیشن، غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ، تعمیر ملت فاؤنڈیشن، ایدھی ہومز،انجمن فیض الاسلام،صراط الجنت ٹرسٹ، خبیب فاؤنڈیشن،سویٹ ہومز اور فاؤنڈیشن آف دی فیتھ فل شامل ہیں اور ہر وہ تنظیم اور ادارہ جو ملک میں یتیم بچوں کی کفا لت یا فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہا ہے ، وہ ’’پاکستان آرفن کئیر فورم‘‘ کا حصہ بن سکتا ہے۔پاکستان آرفن کئیر فورم کی جانب سے 15 رمضان المبارک کو ’’یومِ یتامیٰ ‘‘اِس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ مسلم معاشرے کے لئے ہر یتیم بچہ رنگ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر اپنے ہی بچوں کی طرح عزیز ہو ۔ اِس یقین کے ساتھ کہ ہمارے معاشرے میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے ۔ معاشرے کے یتیم ہمارے بچے اور ہماری ذمہ داری ہے۔’’پاکستان آ رفن کئیر فورم‘‘ یہ چاہتا ہے کہ پاکستان کا با شعور طبقہ یتیم بچوں کو درپیش مسائل کو سمجھے اور اجتماعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اُن مسائل کے حل کے لئے آگے بڑھے۔اِس ضمن میں 15 رمضان البارک کو ملک بھر میں سیمینار اور کانفرنسس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف شعبہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔