دنیا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار تک پہنچ گئی

Coronavirus Deaths

Coronavirus Deaths

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں پھیلی عالمگیر وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 لاکھ سے زائد ہو گئی جب کہ ہلاک افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

امریکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 65 ہزار 776 ہے جو اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ ہے جب کہ اٹلی میں اموات کی تعداد 28 ہزار 236 اور برطانیہ میں 27 ہزار 510 تک پہنچ گئی ہے۔

اسپین میں عالمی وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 824 جب کہ فرانس میں 24 ہزار 594 ہو چکی ہے۔

بیلجیم میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد جب کہ جرمنی، ایران اور برازیل میں بھی 6، 6 ہزار سے زیادہ افراد کورونا کا شکار بن چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ کینیڈا میں 3 ہزار 391 اور ترکی میں 3 ہزار 259 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ ٹیسٹنگ سے پتہ چلتا ہے کہ ماسکو میں دو فیصد یا ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

سرگئی سوبیا نن کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھا کر اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کر کے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کیے ہیں۔

ماسکو کے میئر نے خبردار کیا کہ روسی دارالحکومت میں کورونا وائرس ابھی اپنی پیک پر نہیں پہنچا ہے لہذا خدشہ ہے کہ کیسز مزید بڑھیں گے۔

روس میں اب تک ایک لاکھ 14 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جس میں سے ایک ہزار 169 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 34 لاکھ 2 ہزار سے زائدافراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 2 لاکھ 39 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک اور 10 لاکھ 84 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔