دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار سے بڑھ گئی

Coronavirus Patient

Coronavirus Patient

اسپین (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار 365 جبکہ مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 97 ہزار ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جان لیوا کورونا وائرس 199 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اب تک اس خطرناک وائرس سے 27ہزار 365 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور پانچ لاکھ 97 ہزار مریضوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 1 لاکھ 33 ہزار افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

اس وائرس سے سب سے متاثرہ ممالک میں امریکا اوپر آگیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 1700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے متاثرہ ملک اٹلی ہے جہاں 9 ہزار 134 اموات ہو چکی ہیں۔

اسپین میں 5 ہزار 138، چین میں 3 ہزار 295، ایران میں 2378 اور فرانس میں 1995 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

برطانیہ میں 759، نیدرلینڈز میں 546، جرمنی میں 350، بیلجیئم میں 289، سوئٹزرلینڈ میں 231 اور جنوبی کوریا میں 244 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے سبب پاکستان سمیت متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن ہے، سڑکیں اور بازار سنسان پڑے ہیں، سیاحتی مقامات پر ہو کا عالم ہے، تجارتی مراکز بند ہیں اور کاروبار زندگی مفلوج ہے، جبکہ عالمی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔