لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اورایشیا کپ کے لئے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید نے جیو نیوز کو بتایا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی کے بعدٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کو فیڈ بیک اور اگلے ایونٹس کے لیئے مشاورت کےلئے سلیکشن کمیٹی نے بلایا تھا۔ شاہد آفریدی کے ساتھ کمیٹی کی ملاقات مثبت رہی۔
ہیڈ کوچ وقار یونس سیریز میں مصروف ہیں اس لیئے ان سے ابھی مشاورت کرنا باقی ہے۔ ہارون رشید نے کہا کہ 8 فروری تک ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیئے ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔
ایشیا کپ کےلئے بھی زیادہ وقت نہیں ہے اس لئےپی ایس ایل کے دوران ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ کے لیئے ٹیموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہو ئے ایک دو تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران اکمل، شرجیل خان اور محمد عرفان کاٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے نام زیر غور آئے۔