کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2015 کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں جہاں کامران اکمل، شعیب ملک، اسد شفیق، اظہرعلی جگہ نہیں بناپائے وہیں خلاف توقع سہیل خان کو شامل کیا گیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیف سلیکٹر معین خان نے ورلڈ کپ 2015 کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کیا، 15رکنی حتمی اسکواڈ 2اوپنرز، 5 مڈل آرڈرز بیٹسمین، 2 اسپنرز اور5 فاسٹ بالرز پر مشتمل ہے، ٹیم میں جہاں کامران اکمل، شعیب ملک، اسد شفیق، اظہرعلی اور عمر گل کو شامل نہیں کیا گیا وہیں اسکواڈ میں خلاف توقع انورعلی اور بلاول بھٹی بھی جگہ نہیں بناپائے جبکہ خلاف توقع سہیل خان کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ،احمد شہزاد ، یونس خان، عمر اکمل، حارث سہیل، صہیب مقصود، سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، احسان عادل، جنید خان، سہیل خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔
اس موقع پر معین خان نے کہا کہ محمد حفیظ اور احمد شہزاد ٹیم کے اوپنرز ہوں گے جبکہ سرفراز احمد کو بھی اوپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ہر 4 ماہ بعد کھلاڑیوں کی فٹنس کا ٹیسٹ لیتا ہے اور سب ہی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہوئی ہے جسے دیکھتے ہوئے انہیں یقین ہے کہ کھلاڑی دیگر ٹیموں کے ساتھ مقابلے کےلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انور علی اور بلاول بھٹی کو مختلف مقابلوں میں آزمایا گیا ہے جس کے بعد وہاب ریاض اور سہیل خان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی ٹیم کو بیٹنگ کے شعبے میں بھی فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ سہیل خان ورلڈ کپ کے لئے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔