موہالی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹونٹی سپر ٹین مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف فتح سمیٹ لی ہے۔ قومی بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میچ بھی اپنے ہاتھوں سے گنوا دیا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ ابھی پاکستانی ٹیم کا سکور 20 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد ایک غلط شارٹ کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد نے صرف ایک رن بنایا۔ دوسری طرف شرجیل خان نے پراعتماد طریقے سے بلے بازی کی۔
ایسا لگ رہا تھا کہ وہ آج بھی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جائیں گے تاہم ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی۔ فولکنر نے انھیں بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھلا دی۔ شرجیل خان نے صرف 19 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمر اکمل تھے جنھیں زامپا نے بولڈ کرکے پویلین بھیجا۔
عمر اکمل نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی تھے جنہوں نے اس مرتبہ بھی اپنے مداحوں کو بہت مایوس کیا۔ آفریدی ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے صرف 14 رنز ہی بنائے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 147 رنز پر گری جب عمدہ طریقے سے بیٹنگ کر رہے خالد لطیف بولڈ ہو گئے۔ ان کی وکٹ فولکنر نے اڑائی۔ خالد لطیف نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز عماد وسیم آئے اور بغیر کوئی سکور بنائے چلتے بنے۔ یہ وکٹ بھی فولکنر کے حصے میں آئی۔
اس کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد اور وہاب ریاض آئے لیکن انھیں بھی فولکنر نے آؤٹ کرکے واپس بھیج دیا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ یوں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹونٹی کا سیمی فائنل کھیلنے کی امید پیدا کر لی۔