ممبئی (جیوڈیسک) ورلڈ کپ گزر گیا لیکن بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہورہا۔ کہتے ہیں انکے بیٹے کو کپتان مہندرہ سنگھ دھونی نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔
ایک دن آئے گا جب دھونی کا غرور خاک میں مل جائے گا۔ یہ ہیں یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ جو بھارتی کپتان مہندرہ سنگھ دھونی پر برس رہے ہیں۔ یوگراج کہتے ہیں کہ دھونی کچھ نہیں تھا، لیکن اسے میڈیا نے بڑھا چڑھا کروہ کچھ دیا جس کا وہ حقدار ہی نہیں تھا۔
ماضی میں کئی بار بھارتی کپتان کی جانب سے کینسر سے لڑ کر زندگی کی جانب لوٹنے والے یووراج کے لئے مایوس کن بیانات سننے میں آئے۔ گزشتہ عالمی کپ میں دھونی نے یووراج کو انکے اصل نمبر 4 پر جانے سے روکا اور خود جاکر وننگ شاٹ لگایا۔ جو یووراج کے والد کے لہجے میں مزید کڑواہٹ لے آیا۔
حالانکہ یووراج سنگھ نے اپنے والد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، البتہ ماضی میں وہ کئی بار دھونی کی جگہ ساروو گانگولی کو بھارتی کرکٹ کا بہترین کپتان کہہ چکے ہیں۔