مانچسٹر (جیوڈیسک) کیا روایتی حریفوں کے درمیان میچ میں اس بار کچھ غیر روایتی ہوسکتا ہے؟ کیا پاکستان ٹیم اس دفعہ تاریخ رقم کرے گی یا ایک بار پھر تاریخ خود کو دوہرائی گی؟
پاک بھارت ٹاکرا چاہے کبھی بھی، کسی بھی میدان میں ہو دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے لیے بھی ہمیشہ بڑا مقابلہ ہوتا ہے۔
دنیائے کرکٹ کی 2 بڑی ٹیمیں پاکستان اور بھارت (آج) اتوار کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر مدِمقا بل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔
ہر چار سال بعد آنے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں اب تک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے۔پاکستان اور بھار ت کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ساتویں مرتبہ مدمقابل آرہے ہیں، کیا پاکستان اس بار روایتی حریف کو شکست دینے میں کامیاب ہوگا یا بازی پھر سے بھارت کے نام رہے گی؟
اگر ورلڈکپ کرکٹ کی تاریخ دیکھی جائے تو پاکستان ٹیم کبھی بھارت کو نہیں ہرا سکی، یہ دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئیں ہیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ کا سب کو انتظار ہے، جہاں کروڑوں شائقین ٹی وی اسکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں، وہیں ہزاروں یہاں مانچسٹر پہنچ چکے ہیں جو اولڈ ٹریفورڈ میں سپر سنڈے کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے ٹکٹ کیلئے منہ مانگے پیسے بھی دے چکے ہیں۔
برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے شائقین کرکٹ کو پریشان کررکھا ہے۔ برطانوی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو پاک بھارت میچ کے موقع پر بارش کا خدشہ ہے، ہفتے کو بھی بارش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن متاثر ہو اور ٹیمیں انڈور نیٹس تک محدود رہ گئیں۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن بارہ بجے بارش کے پچاس فیصد امکانات ہیں جو ایک بجے کے لگ بھگ بڑھ کر ستر فیصد جبکہ دو بجے سے پانچ بجے تک ساٹھ فیصد ہیں ،چھ بجے بارش کے اسی فیصد امکانات ہیں۔
ورلڈ کپ میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اب تک چار میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی اور آئی سی سی کو تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے میچز کا ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا۔
بھارتی کپتان نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان پورے 50 اوورز کی کرکٹ ہو لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر ان کو اپنا کامبی نیشن تبدیل کرنا ہوگا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ میں ان کا اور محمد عامر کا کوئی مقابلہ نہیں کیوں کہ کسی ایک بولر سے مقابلہ کبھی ان کے ذہن میں نہیں ہوتا۔
مانچسٹر میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ان کے سامنے بولر کوئی بھی ہو، ان کا فوکس صرف گیند پر ہوتا ہے، کسی ایک بولر کے ساتھ مقابلہ کبھی ذہن میں نہیں رکھا کیوں کہ سامنے عامر ہو یا کوئی پارٹ ٹائم بولر، اگر خراب شاٹ کھیلا تو وکٹ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عامر ہو یا ربادا، اچھے بولر کی صلاحیت کا احترام کرنا ضروری ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ بھارت کے خلاف میچ میں دو اسپنرز عما د وسیم اور شاداب خان کو کھلانے پر غور کررہی ہے تاکہ پانچ ریگولرز بولروں کے ساتھ میچ میں کھیلا جائے۔
پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرے سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی اہمیت اتنی ہے جتنی کسی اور میچ کی لیکن اس میچ کی کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو تبدیل کر سکتی ہے۔
کوچ مکی آرتھر نے آؤٹ آف فارم آل راؤنڈر شعیب ملک پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ بھارت کیخلاف میچ میں موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اُسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔