کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے مسلسل 2 میچز میں ناکامی کے بعد ٹیم پر ہونے والی تنقید کو غلط ثابت کر کے دکھائیں گے۔
کرائسٹ چرچ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کاکہنا تھا کہ ابتدائی میچز میں کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوئیں جب کہ کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی مایوس کن رہی تاہم اگلے میچز میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 فیصد کارکردگی دکھائیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی اپنے میچز ہاری ہیں لیکن اس کے بعد انگلینڈ نے کم بیک کیا اور قومی ٹیم بھی کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اس لئے زمبابوے کے خلاف اچھا کھیل پیش کر کے تنقید کو غلط ثابت کریں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے قومی ٹیم مینجمنٹ کو ٹیلی فون کیا اور یقین دلایا کہ کرکٹ بورڈ ٹیم کے ساتھ ہے اس لئے کھلاڑی حوصلہ رکھیں اور دباؤ میں آئے بغیر ذمہ دارانہ انداز میں کھیلیں۔