ساوتھمپٹن (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ساوتھمپٹن میں کھیلےگئے میچ میں انگلش کپتان کی بہترین حکمت عملی کارگرثابت ہوئی، ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شاندار بولنگ کی بدولت پوری ٹیم کو صرف 212 رنز پر ڈھیر کردیا۔
کرس گیل اور ایون لیوس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن لیوس صرف 2 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد شائے ہوپ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 11 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
کرس گیل کی اننگز بھی 36 رنز تک محدود رہی، نکولس پورن اور شمرون ہیٹمیئر نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 63 اور 39 رنز بنائے جب کہ کپتان جیسن ہولڈر بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے، آندرے رسل 21 اور کارلوس بریتھ ویٹ کی اننگز 14 رنز تک محدود رہی۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے 3،3 جب کہ جوئے روٹ 2، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بولنگ کے بعد بلے بازوں نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تجربہ کار بیٹسمین جوئے روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،کرس وواکس نے 40 اور بیرسٹو45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرل نے دونوں وکٹیں حاصل کیں ان کے سوا کوئی بولر خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکا۔