ورلڈ کپ میلہ سجنے میں دو دن باقی، ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج ہو گی

World Cup 2015

World Cup 2015

میلبورن (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ تو 14 فروری سے سجے گا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج ہو گی، رنگا رنگ تقریب میں آسٹریلوی فنکار جلوے بکھیریں گے، سروں کے تال میل اور روایتی رقص سے چار چاند لگ جائیں گے۔

کرکٹ کے عالمی میلے کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میلبورن کے سڈنی میئر میوزک بائول میں سجائی جائیگی۔ جس میں ورلڈ کپ پلئیرز اور لیجنڈز بھی شریک ہوں گے۔ معروف آسٹریلوی گلوکارہ جیسیکا مائو بوائے اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے تیار ہیں۔

دلچسپ اضافہ یہ بھی ہو گا کہ آسٹریلوی قومی نشان کینگرو کے ساتھ اوپنر ڈیوڈ وارنر باکسنگ کریں گے تو ٹینا ایرینا بھی مداحوں کو اپنے سروں پر نچانے کیلئے بے تاب ہیں۔ تقریب میں نیتھینیل اور ڈیرل بریتھ ویٹ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ایونٹ کا مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ بھی بارہ فروری کی شب کرائسٹ چرچ میں افتتاحی تقریب منعقد کرے گا۔ کرکٹ لیجنڈ سر رچرڈ ہیڈلی اور سٹیفن فلیمنگ بھی خصوصی شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ اس موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔