لندن (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ 2019 کا ٹائٹل جیتنے کے لیے نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے فائنل میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل تھا، ہم نے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلا ہے اور پُرامید ہیں کہ جیت ہماری ہوگی۔
کیوی کپتان نے کہا کہ لارڈز کے گراؤنڈ میں ورلڈکپ کا فائنل کھیلنا مجھ سمیت پوری ٹیم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا ٹاس ہارنے پر کہنا تھا کہ وہ بالکل مایوس نہیں ہوئے ہیں۔
کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آج جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا اور وہ اپنی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے ٹورنامنٹ میں ٹف میچز کھیل چکے ہیں اور سیمی فائنل کا میچ بھی اس کی نشاندہی کرتا ہے تاہم ہم آج کا میچ ضرور جتنا چاہتے ہیں۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہیں، جیت کسی کے بھی حصے میں آئے لیکن تاریخ ضرور رقم ہوگی کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں آج تک ورلڈکپ نہیں جیت سکی ہیں۔
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم 20 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔ پاکستان ٹیم کو 3 لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔ آئی سی سی نے ورلڈکپ کیلئے ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہوا ہے۔