ساؤتھمپٹن (جیوڈیسک) ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی جب کہ یہ پروٹیز کی مسلسل تیسری شکست ہے۔
جنوبی افریقا کا 228 رنز کا ہدف بھارت نے 48 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کو ابتداء میں ایک وکٹ کا نقصان ہوگیا جب چوتھے اوور میں اس کے اہم بلے باز ہاشم آملہ صرف 6 رنز بناکر 11 کے مجموعے پر بمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
24 کے مجموعے پر ڈی کک کو بھی بمرا نے پویلین بھیج دیا، کوک صرف 10 رنز بناسکے۔
کک کے بعد آنے والے ڈوسین ڈوپلیسس 38، ڈیر ڈوسین 22 اور ڈومینی 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس سے جنوبی افریقا کے پانچ کھلاڑی سینچری سے پہلے ہی 89 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہوجانے کے بعد فیلکووائیو، ڈیوڈ ملر اور مورس کی اننگز نے پروٹیز کی لڑکھراتی بیٹنگ کو سہارا دیا اور جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا سکی۔
پروٹیز کی جانب سے کرس مورس 42، فاف ڈوپلیسی 38، اینڈائیل فیلکو وائیو 34 اور ڈیوڈ ملر 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کے چہل نے 4، بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کے 228 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز شکیھر دھون اور روہت شرما نے کیا لیکن شیکھر دھون 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی 18 رنز بناکر فیلکووائیو کا شکار بنے، کے ایل راہول بھی 26 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت بھارٹی ٹیم نے 48 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔
روہت شرما 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 122 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ پروٹیز کی جانب سے ربادا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری شکست ہے، اس سے پہلے انگلینڈ اور بنگلادیش کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانی پڑی ہے۔