ورلڈکپ: عامر کو باہر کرنے سے باؤلنگ اٹیک متاثر ہوگا: وسیم اکرم

 Waseem Akram

Waseem Akram

لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے سابق لیجنڈز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے محمد عامر کے حق میں آواز بلند کر دی اور کہا کہ انہیں باہر کرنے سے ٹیم کا باؤلنگ اٹیک متاثر ہو گا۔

1992ء ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے ہیرو وسیم اکرم کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ یقین ہے کہ محمد عامر ورلڈ کپ کے لئے اپنی جگہ بنا لیں گے۔ میرے لیے محمد عامر ورلڈ کپ کیلئے اپنی پہلی ترجیح ہیں وہ ردھم میں واپس آ گئے تو میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی نوجوان ہیں۔ ٹیم میں 2015ء کا ورلڈ کپ کھیلنے والے سرفراز احمد اور حارث سہیل بھی موجود ہیں۔ شعیب ملک صرف ایک ورلڈکپ 2007ء کا کھیل چکے ہیں جبکہ محمد حفیظ 2007ء اور 2011ء کے میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بڑے ایونٹس ٹیم میں نوجوانوں کیساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کر کے جیتے جاتے ہیں۔ نوجوانوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں ہوں تاہم تجربے کا کوئی نعیم البدل نہیں۔