اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سلیکٹرز اہمیت نہیں دے رہے اور ٹورنامنٹ کے تیسرے روز ہی سلیکٹرز نے فٹنس کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کر دیا۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل ورلڈ کپ کی فلائٹ مس کر چکے ہیں۔ سلیکٹرز نے ان کی سلیکشن پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت کے بعد پاکستانی ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کے لیے محمد حفیظ سمیت 23 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان 18اپریل کو کیا جائے گا جب کہ پاکستانی ٹیم 23 اپریل کو روانہ ہو گی۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق میڈیا کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کریں گے۔
عمر اکمل نے پاکستان کپ کے پہلے میچ میں 136 رنز ناٹ آوٹ اور دوسرے میچ میں99 رنز بنائے۔ اچھی کارکردگی کے باوجود دبئی کے آخری ون ڈے سے قبل عمر اکمل نے ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کی۔
ٹیم مینیجر کی طرف سے رپورٹ منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کو دی گئی جس کے بعد عمر اکمل کوڈسپلن توڑنے پر میچ فیس کے 20 فیصد حصے سے بھی محروم ہونا پڑا اور ساتھ میں وارننگ بھی دی گئی۔
فٹنس ٹیسٹ 15، 16 اپریل کو قومی اکیڈمی لاہور میں ہوں گے۔ ٹیسٹ میں شامل کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، عابد علی، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔