کولکتہ (جیوڈیسک) ورلڈکپ 2019 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں ہائی وولٹیج معرکے کیلیے 16 جون کومیدان سجے گا۔ ورلڈ کپ 2019 کی میزبانی مانچسٹر کو سونپ دی گئی کافی عرصے بعد میگاایونٹ کا آغاز پاک بھارت مقابلے سے نہیں ہو رہا ہے،آئی پی ایل کی وجہ سے شیڈول میں ردوبدل کرنا پڑا،آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو اجلاس میں 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ اینڈ ویلز میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی ایک جھلک سامنے آگئی۔ مکمل تفصیل30اپریل کو جاری ہوگی،ورلڈکپ 1992کے راؤنڈر روبن لیگ فارمیٹ کا تجربہ آئندہ سال بھی دہرایا جائے گا، ہر ٹیم دیگر 9کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی، ٹاپ 4 سیمی فائنلز میں مقابل ہوںگی۔ دوسری جانب نئے ایف ٹی پی میں بھارت کے ٹیسٹ میچز15سے بڑھا کر 19کردیے گئے،آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کا کوئی میچ ڈے اینڈ نائٹ نہیں ہوگا۔
میگاایونٹ30مئی سے 14جولائی تک دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہے گا،کافی عرصے بعد ورلڈکپ کا آغاز پاک بھارت مقابلے سے نہیں ہوگا،روایتی حریف ٹیمیں 16جون کو مانچسٹر میں آمنے سامنے آئیںگی،یاد رہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں کبھی پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار نہیں ہوئی،ماضی میں روایتی حریفوں کی جنگ سے ہی میگا ایونٹ کا آغاز ہوتا رہا ہے،آئی سی سی کیلیے ہمیشہ یہ بڑا منعفت بخش سودا ثابت ہوتا ہے، ورلڈکپ2015کا ایڈیلیڈ میں میچ ہو یا برمنگھم میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ ٹکٹوں کی فروخت چند گھنٹوں میں ہی مکمل ہوگئی تھی۔
بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ لودھا کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آئی پی ایل فائنل اور بھارتی ٹیم کی انٹرنیشنل مصروفیات میں 15روز کا وقفہ ہونا ضروری ہے،لیگ کا اگلا ایڈیشن 29مارچ سے 19مئی تک شیڈول ہے، بلو شرٹس کا ورلڈکپ میں پہلا میچ2 جون کو طے کیا گیا تھا لیکن اس صورت میں لودھا کمیٹی کی سفارشات نظر انداز ہوجاتیں، لہٰذا ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کیخلاف5جون کو کھیلے گی،انھوں نے بتایا کہ ایگزیکٹیو کمیٹی نے بھارتی بورڈ کا موقف جاننے کے بعد شیڈول میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر کردی اور معاملہ آئی سی سی بورڈ میں پیش کردیا گیا ہے۔ورلڈکپ 1992کے راؤنڈر روبن لیگ فارمیٹ کا تجربہ 2019میں بھی دہرایا جائے گا۔
ہر ٹیم دیگر9 حریفوں کے ساتھ میچز کھیلے گی،مجموعی طور پر45مقابلوںکے بعد ٹاپ 4سائیڈزسیمی فائنلز میں مقابل ہونگی۔ دریں اثنا نئے ایف ٹی پی میں بھارت 309دن انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا،یوں دنوں میں تو 92کی کمی ہوئی لیکن ہوم ٹیسٹ 15سے بڑھا کر 19کردیے گئے ہیں،آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کا کوئی میچ ڈے اینڈ نائٹ نہیں ہوگا،اس لیے بھارتی ٹیم بھی کوئی طویل فارمیٹ کا میچ مصنوعی روشنیوں میں نہیں کھیلے گی،بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کوئی میچ ڈے اینڈ نائٹ نہیں ہوگا تو پنک بال سے مقابلوں پر توجہ دینا فضول مشق ہے۔