کراچی (جیو ڈیسک) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والے عالمی کرکٹ کپ 2015 سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ سے تین ایک روزہ سیریز کھیلے گا۔ بھارتی میڈیا نے پاکستانی کرکٹ حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ آئندہ برس آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ایک مختصر ون سیریز کھیلے گا، یہ سیریز تین میچز پر مشتمل ہوگی۔ پاکستانی حکام کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ تین میچز کی سیریز کی تصدیق کردی ہے جو اوائل فروری 2015 میں کھیلی جائے گی۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے نیوزی لینڈ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ عالمی کپ سے قبل وہ پاکستان کیلئے ایک شیڈول کے بغیر مختصر سیریز کا انعقاد کرے، تاکہ پاکستانی کھلاڑی ان حالات میں پریکٹس کر سکیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے بنگلادیش میںآ ئی سی سی ورلڈ کپ ٹی 20 کے بعد اپریل سے ستمبر کے درمیان پاکستان کی کوئی بین الاقوامی سیریز شیڈول نہیں اس دوران کھلاڑی اپنے خاندانوں کے ساتھ وقت گزاریں گے، ستمبر سے عالمی کپ تک پاکستانی ٹیم مصرور ف ہوگی۔
اکتوبر سے جنوری تک پاکستان متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اور زمبابوے کے ساتھ یکے بعد دیگر سیریز کھیلے گا۔ پاکستانی حکام کے مطابق اس وقت سے کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی انڈین پریمئر لیگ نہیں کھیلے گا۔