کراچی (جیوڈیسک) سلیکٹرز کی مخالفت کے باوجود کپتان مصباح الحق نے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو ورلڈ کپ پلان کیلیے ناگزیر قرار دے دیا ہے، ڈیڈ لاک پیدا ہونے کے بعد ون ڈے ٹیم کا حصہ بنانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کرینگے، آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے تینوں فارمیٹ کے اسکواڈز کا اعلان بدھ کو لاہور میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے سیریز کیلیے قومی سلیکشن کمیٹی نے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 2 گھنٹے تک غوروخوض اور بحث کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی تاہم سابق کپتان یونس خان کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت پر ڈیڈ لاک ہوگیا۔ اجلاس میں چیف سلیکٹر معین خان، ہیڈ کوچ وقار یونس، کپتان مصباح الحق، سلیکٹرز محمد اکرم، اعجاز احمد اور سلیم یوسف نے شرکت کی، 2 سلیکٹرز وجاہت اللہ واسطی اور شعیب محمد موجود نہیں تھے۔
اجلاس کے بعد چیف سلیکٹر معین خان لاہور روانہ ہوگئے جہاں وہ اسکواڈز کی حتمی فہرست منظوری کیلیے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کو پیش کرینگے۔ معین خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو مدنظر رکھ کر مختلف ناموں پر غور ہوا، ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق، ٹوئنٹی 20 ٹیم کے قائد شاہد آفریدی، ہیڈ کوچ وقار یونس سے بھی مشاورت کی گئی،انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب پرکسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔
دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ کپتان مصباح نے سلیکشن کمیٹی سے اصرار کیا کہ ورلڈ کپ کے پیش نظر یونس خان کو تجربے کی بنیاد پر ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے جبکہ سلیکشن کمیٹی نے اس معاملے پر کوئی لچک دکھانے سے انکار کر دیا، اس کی نظریں اسد شفیق پر ہیں، اب گیند چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے کورٹ میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیسٹ کے ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کرنے پر اتقاق کیا گیا، سعید اجمل کی جگہ ٹوئنٹی 20 اورون ڈے میں رضا حسن، ٹیسٹ میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کے ناموں پر غور کیا گیا، اوپنرز میں ناصر جمشید کی واپسی ہوسکتی ہے، فواد عالم مختصر طرز کی کرکٹ میں بھی آزمائے جاسکتے ہیں، سہیل تنویر بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔