اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے ہم نے 20 سے 22 کھلاڑیوں کا پول تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے 26 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہیں، ان میچوں سے ہمیں اپنی تیاریوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا اور یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ کن کن کھلاڑیوں کے ساتھ میگا ایونٹ میں جانا ہے۔
وہ جمعے کی شام دبئی میں نمائندہ جیو نیوز کو انٹر ویو دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں ہم نے مشکل کرکٹ کھیلنا ہے، آسٹریلیا نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے لئے بھرپور تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے آئیڈیل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اور انضی کو 20,22 کھلاڑیوں کا علم ہے اور یہ بھی پتہ ہے کہ ہماری ٹورنامنٹ میں ڈائریکشن کیا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان 26ون ڈے میں سے اگر کوئی16بھی کھیل گئے تو ہمیں پتہ چل جائے گا کہ کون کون حتمی پلان میں شامل ہوں گے۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ میں ہمیں بھارت کے خلاف میچ کھیلنا ہے، اس میچ کا چرچہ ہے لیکن دیگر ٹیمیں بھی کم ترنہیں ہیں، سب ٹیمیں تیاریوں کے ساتھ آئی ہیں، ایشیا کپ مشکل ٹورنامنٹ ہے، کسی حریف کو کم تر نہیں سمجھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے خوش قسمتی ہے کہ نوجوان کھلاڑی ہائی پریشر صورتحال میں زبردست کھیل رہے ہیں، بھارت جیسی ٹیم کے خلاف پریشر ہیڈل کر گئے تو ان کی باقی منزل آسان ہوجائے گی۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی پرکھنے کاموقع مل رہا ہے۔
ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے پر مکی آرتھر نے کہا کہ بلاشبہ کوہلی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں ان کے نہ ہونے سے ٹیم کمزور ہوجاتی ہے اس کے باوجود بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے، ان کنڈیش کے لئے بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے ان کے فاسٹ اور اسپین بولر بہت اچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو ون مین شو قرار دینا درست نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ اگر ہم اچھا کھیلے تو پھر بدھ کو یہاں اچھا میچ ہوگا پاکستانی ٹیم ٹف ٹائم دے گی۔