رینگور/ نیوزی لینڈ: آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ہانگ کانگ نے نیپال کو 10 وکٹ سے روند دیا۔
اسکاٹ لینڈ نے یو اے ای کو 53 رنز سے ہراکر سپرسکس مرحلے میں جگہ یقینی بنالی، نیدرلینڈز نے گروپ ’بی‘ لیڈر پاپوا نیوگنی کو 130 رنز سے مات دی،کینیا نے یوگینڈا کو 47 رنز سے قابو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق عرفان احمد اور وقاص برکت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہانگ کانگ نے نیپال کو 10 وکٹ سے روند ڈالا، دونوں پلیئرز کے درمیان قائم ہونے والی 154 کی ناقابل شکست شراکت نے ٹیم کو مسلسل تیسری فتح دلوادی، عرفان 86 جبکہ برکت 56 پر ناٹ آئوٹ رہے،
ٹیم نے 151 کا ہدف 33.2 اوورز میں 154رنز بناکربغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، نیپالی ٹیم 49.3 اوورز میں 150 رنزبناکرآل آئوٹ ہو گئی، بسنت ریگمی 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسیب امجد نے 4 وکٹیں لیں۔
اسکاٹ لینڈ نے یواے ای کو 53رنز سے ہراکر سپرسکس مرحلے میں جگہ یقینی بنالی، فاتح ٹیم نے 28 اوورز فی اننگز تک محدود مقابلے میں چھ وکٹ پر265 رنز جوڑے، کولم میک لیوڈ 113 اور میتھیوکروس 88 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔